رامبن کے بولی بازار میں سیلابی ریلے نے 16 دکانیں تباہ کر دیں

تاثیر 20  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 20 اپریل:ضلع رامبن کے بولی بازار میں اتوار کی صبح موسلادھار بارش کے باعث اچانک آئے سیلابی ریلے نے زبردست تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں کم از کم 16 دکانیں زمین بوس ہو گئیں۔ اس افسوسناک واقعے میں دکانداروں کو کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔
قومی شاہراہ کے ساتھ واقع بولی بازار میں یہ دکانیں کئی برسوں سے قائم تھیں اور مقامی افراد کا اہم ذریعہ معاش بنی ہوئی تھیں۔ دکانداروں نے بتایا کہ وہ انہی دکانوں کے ذریعے اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالتے تھے اور یہی ان کی زندگی کا واحد سہارا تھا۔متاثرہ دکانداروں میں سے ایک نے بتایا کہ ہم برسوں سے یہاں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی دکان سے ہم اپنی زندگی کا گزارہ کرتے تھے۔ لیکن اتوار کی صبح جو طوفان آیا، اْس نے ہمیں سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا۔ پل بھر میں سب کچھ بہہ گیا۔