تاثیر 26 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ (فضا امام)26؍اپریل: دربھنگہ اور گردو نواح کے ایسے طلبا وطالبات جو سی۔ایم کالج، دربھنگہ کے بی سی اے اور بی بی اے کورس سیشن 2025-26میں داخلہ لینا چاہتے ہیں وہ مورخہ 29؍ اپریل2025سے28؍ مئی 2025تک داخلہ فارم داخل کر سکتے ہیں۔واضح ہو کہ ان دونوں کورسوں میں الگ الگ 60سیٹوں پر داخلہ ہوتا ہے اس لئے داخلہ ٹسٹ کی بنیاد پر انٹرویو کے بعد طلبا داخلہ لینے کے مجاز قرار دئیے جاتے ہیں ۔ آئندہ4؍ جون 2025کو داخلہ ٹسٹ ہوگا اور 9؍ جون2025کو انٹرویو کے بعد 14؍جون کو میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی اس کے بعد 19؍ جون سے25جون تک داخلے کا شیڈول تیار کیا گیا ہے۔ کالج ہذا کے پرنسپل پروفیسر مشتاق احمد نے کہا کہ گذشتہ دو دہائیوں سے اس کالج میں بی بی اے اور بی سی اے کی پڑھائی ہوتی ہے اور یہاں کے طلبا ملک اور بیرونِ ملک میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چوں کہ سیٹیں کم ہیں اور داخلہ لینے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے اس لئے ٹسٹ کی بنیاد پر داخلہ لیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ سی۔ایم کالج میں پڑھنے والے بی سی اے اور بی بی اے کے طلبا وطالبات کی کارکردگی ہمیشہ بہتر رہی ہے اور بدلتے حالات کے تناظر میں ان دونوں کورسوں کا نصاب تیار کیا گیا ہے جو طلبا کے لئے بہت مفید ہے ۔بالخصوص اقلیت طلبا کے لئے یہ پیشہ وارانہ کورس بہت اہم ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ اب چوں کہ حکومت بہار کی جانب سے اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ کی سہولت ہے اس لئے معاشی طورپر کمزور طلبا بھی اس میں داخلہ لے سکتے ہیں ۔