بختیارپور-راجگیر ریلوے لائن پر مسافروں سے لوٹ مار، تین افراد زخمی

تاثیر 26  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بہار شریف26 اپریل (محمد دانش)نالندہ ضلع میں بختیارپور-راجگیر ریلوے لائن پر مسافروں سے لوٹ مار کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے۔ واردات کے دوران لوٹ مار کے ساتھ مارپیٹ بھی کی گئی، جس میں تین مسافر زخمی ہو گئے۔ واقعہ داناپور-راجگیر پیسنجر ٹرین میں پیش آیا۔زخمی مسافر رنکو دیوی نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی کی شادی کے سلسلے میں خاندان کے 24 افراد کے ساتھ سورت سے گھر لوٹ رہے تھے۔ پٹنہ سے ٹرین بدل کر وہ داناپور-راجگیر پیسنجر کے ذریعے بہار شریف جا رہے تھے کہ وینا اسٹیشن کے قریب سات افراد اچانک بوگی میں چڑھ آئے اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کر دی۔حملے میں رنکو دیوی، روہت کمار اور انکوش کمار زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کا علاج مقامی اسپتال میں جاری ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے پولیس (جی آر پی) متحرک ہو گئی۔ جی آر پی تھانہ انچارج سنجے پنڈت نے بتایا کہ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ پولیس نے متاثرین کے بیانات قلمبند کر لئے ہیں اور اسٹیشنوں پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔