شملہ میں پولیس کانسٹیبل کی بھرتی کا گراؤنڈ ٹیسٹ مکمل، صرف 11.2 فیصد امیدوار پاس ہو سکے

تاثیر 12  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

شملہ، 12 اپریل: شملہ ضلع کے بھراری پولیس گراؤنڈ میں پولیس کانسٹیبل کی بھرتی کے تحت ہونے والے فزیکل ایفیشنسی ٹیسٹ (پی ای ٹی) کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ اس امتحان میں زیادہ تر امیدواروں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ یکم اپریل سے 11 اپریل تک ہونے والے اس گراؤنڈ ٹیسٹ میں کل 12,975 رجسٹرڈ امیدواروں میں سے صرف 1,464 امیدوار کامیاب ہوئے جو کل تعداد کا محض 11.2 فیصد ہے۔
محکمہ پولیس کے زیر اہتمام اس انتخابی عمل میں صرف 7,825 امیدواروں نے شرکت کی جبکہ 4,970 رجسٹرڈ امیدوار امتحان میں شریک نہیں ہوئے۔ اس کے علاوہ 30 نوجوانوں کو رجسٹریشن کی غلطیوں کی وجہ سے گراؤنڈ ٹیسٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔
امیدواروں کی ایک بڑی تعداد جسمانی کارکردگی کے ٹیسٹ کے مختلف مراحل کے دوران مقررہ معیارات پر پورا نہیں اتر سکی۔ گراؤنڈ ٹیسٹ میں،سب سے زیادہ 2,426 امیدوار اونچی چھلانگ میں ناکام ہوئے، جبکہ 2,328 امیدوار 100 میٹر کی دوڑ میں معیار پر پورا نہیں اتر سکے۔ 1500 میٹر ریس میں 1171 نوجوان پیچھے رہ گئے۔ مزید برآں، 372 امیدوار اونچائی اور سینے کی پیمائش میں ناکام ہوئے جبکہ 34 امیدوار لمبی چھلانگ میں ناکام ہوئے۔