تاثیر 4 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کاٹھمنڈو، 04 اپریل: ہندوستان نے بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈ سرٹیفیکیشن کی طرف سے نیپال میں تیار کردہ سیمنٹ، نالیدار چادروں اور پلائیووڈ سمیت مختلف اشیاء پر عائد کردہ تازہ پابندی کو ہٹا دیا ہے۔ بنکاک میں جمعہ کی شام دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی سائیڈ لائن میٹنگ سے قبل ہندوستان کی طرف سے پابندی ہٹائے جانے کو ایک مثبت علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
نیپال کے صنعت، تجارت اور سپلائی کے وزیر دامودر بھنڈاری نے جمعہ کو کہا کہ نیپالی اشیا کی ہندوستان کو برآمدات اور ہندوستانی منڈیوں میں سامان کی فروخت اور تقسیم میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ہندوستانی حکومت سے کی گئی درخواست کو نیپال نے قبول کرلیا ہے۔ انہوں نے چند ماہ قبل اپنے ہندوستانی ہم منصب پیوش گوئل کے ساتھ اپنے دورہ ہندوستان کے دوران نیپالی اشیاء پر پابندی ہٹانے پر زور دیا تھا۔ وزیر بھنڈاری نے کہا کہ 11 اور 12 جنوری کو نیپال-ہندوستان کامرس سکریٹری سطح کی میٹنگ میں اس مسئلہ پر بڑے پیمانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے بعد ہندوستانی فریق نے مسائل کے حل کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا تھا۔ ہندوستان نے سیمنٹ، نالیدار چادروں، سینیٹری پیڈز اور جوتے سمیت اشیاء کی برآمدات پر بی آئی ایس کو لازمی قرار دیا ہے۔