آتشی نے وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کا معاملہ اٹھایا

تاثیر 6  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 7 اپریل: عام آدمی پارٹی نے پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کا معاملہ اٹھایا ہے۔ اپوزیشن لیڈر آتشی نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال حکومت کے 10 سال کے دوران پرائیویٹ اسکولوں کی من مانی کو روکنے کے لیے فیسوں میں اضافے سے پہلے آڈٹ کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔
آتشی نے پیر کو ایک ڈیجیٹل پریس کانفرنس میں کہا کہ پرائیویٹ اسکولوں میں فیس میں اضافے کو لے کر دہلی میں شور مچا ہوا ہے۔ پرائیویٹ اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے والدین فیسوں میں اضافے کے خلاف دہلی کے مختلف حصوں میں اسکول کے دروازے کے باہر کھڑے ہوکر احتجاج کررہے ہیں۔ آتشی نے الزام لگایا کہ دہلی میں بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد پرائیویٹ اسکولوں کو والدین کو لوٹنے کے لیے کھلا ہاتھ مل گیا ہے۔ ہر روز دہلی کے کسی نہ کسی پرائیویٹ اسکول میں فیسوں میں اضافے اور والدین کے احتجاج کی خبریں آتی رہتی ہیں۔