کیوٹی پرمکھ جیوچھی دیوی کے ذریعہ بڑے پیمانے پر دھاندلی، ایک ہفتہ کے اندر ہو کاروائی ورنہ ہوگا مظاہرہ

تاثیر 19  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضا امام) 19 اپریل-آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظر عالم نے اپنے رہائش گاہ بھیریاہی میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں موجودہ کیوٹی بلاک پرمکھ جیوچھی دیوی پر منمانے ڈھنگ سے منصوبوں کے نفاذ اور اس منصوبہ کی رقومات پر بڑے پیمانے پر دھاندلی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ میڈیا اہلکاروں کو جانکاری دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے کیوٹی بی ڈی او کو عرضداشت سونپا ہے جس میں عرض کیا ہے کہ جلد از جلد پرمکھ کے خلاف مناسب کاروائی کریں اگر ہفتہ دن کے اندر کاروائی نہیں ہوتی ہے تو بلاک سطح سے لیکر ضلع سطح تک دھاندلی کے خلاف مظاہرہ کیا جائے گا – بی ڈی او کو سونپے عرضداشت میں سات نکاتی مطالبہ کیا گیا ہے جس میں یہ مطالبہ ہے کہ 1- منصوبہ – 7 میں رقم کا غبن کیا گیا ہے جس کی فوری جانچ اور کاروائی کی جائے، 2- پرمکھ کے ذریعہ سرکاری رقم کو اپنے بیٹے و رشتہ داروں کے کھاتہ میں منتقل کیا گیا، 3 – کئی منصوبوں جیسے شمشان گھات میں آخری رسومات کے لئے عمارت کی تعمیر، ننیا پل کے پاس چھٹھ گھاٹ کی تعمیر، راجا شہلیش مندر کے پاس پی سی سی وغیرہ آدھے درجن سے زائد منصبوں کی فائل مکمل نہیں ہوئی رقم کا غبن ہنوز جاری ہے اس کی جانچ کی جائے، 4 – پندرہویں منصوبہ کو چھوڑ کر باقی منصوبوں کا مکھیا سطح سے کوئی این او سی جاری نہیں کیا گیا لیکن منصوبہ مکمل ہوگیا، 5- ششٹم منصوبہ کے تحت پرمکھ نے اپنی پنچایت میں 19 منصوبوں کی تائید کر دیا جو قانوناً صحیح نہیں ہے، 6 – پرمکھ کی حلف برداری کے بعد سے اب تک ایک بھی بیٹھک منعقد نہیں ہوئی جو پنچایتی راج قانون 2006 و ہائی کورٹ پٹنہ کی ہدایت کی خلاف ورزی ہے ان تمام شکایتوں کی جانچ کرتے ہوئے فوری کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر بیداری کارواں کے دربھنگہ ضلع صدر اشرف احمد، جنرل سکریٹری ضمیرخان و دیگر موجود تھے.