تاثیر 4 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سرینگر، 4 اپریل:پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے جمعہ کو موجودہ حکومت پر جموں و کشمیر کے لوگوں کو درپیش حقیقی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بے روزگاری، گرفتاریوں اور نوجوانوں کی روزمرہ کی جدوجہد پر توجہ دینے کے بجائے پٹواریوں کے تبادلوں جیسے معمولی معاملات پر بڑے بڑے اجلاس منعقد کر رہی ہے۔ سرینگر میں محبوبہ نے نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’یہ لوگوں نے انہیں دیا ہوا مینڈیٹ کے ساتھ مذاق ہے۔ کیا لوگوں نے اس بحث کے لیے ووٹ دیا کہ کون پٹواری یا وی ایل ڈبلیو کو ٹرانسفر کرے گا، یا انھوں نے ایسی حکومت کو ووٹ دیا جو جیلوں میں سڑتے نوجوانوں، بے روزگاری اور روزانہ چھاپوں پر بات کرے؟ انہوں نے ملازمین کی برطرفی اور نوجوانوں کی گرفتاریوں سمیت اہم مسائل پر خاموش رہنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔