تاثیر 21 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ہگلی ٢١/ اپریل (پریس ریلیز) بروز ہفتہ، مغربی بنگال کے ضلع ہگلی کے کھانا کل کے گاؤں گوٹ پاڑہ، سائبونا میں ڈاکٹر تابندہ خاتون کی یاد میں “جامع مسجد غوثیہ الفاتح” اور “مدرسہ خواجہ غریب نواز شیخ عبد المالک”، “شاہده مسافر خانہ” کے ساتھ ساتھ سابق ایم ایل اے اور کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے سابق ڈپٹی میئر جناب اقبال احمد کے نام سے منسوب یتیم خانہ کی سنگ بنیاد اور مسجد کا افتتاح کیا گیا۔ محترمہ ثنا احمد، کونسلر وارڈ نمبر 62 اور چیئرپرسن بورو VI (KMC) و صاحبزادی جناب اقبال احمد کی جانب سے اس با برکت تقریب میں افتتاحی فریضہ انجام دیا گیا۔
تقریب میں بطور خاص مہمان شرکت کرنے والوں میں قادری ٹائمز کے ایڈیٹر جناب سید منہاج حسین، جناب لکی علی، فہیم خان، اور علاقے کے دیگر معزز افراد شامل تھے۔ اس موقع پر تابندہ خاتون کے والد شیخ ذاکر حسین، والدہ انوارہ بیگم، بھائی شیخ شائق حسین اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔
شیخ زاکر حسین نے بتایا کہ ان کی بیٹی تابندہ خاتون 2023 میں میڈیکل تعلیم کے لیے اردن گئی تھیں، جہاں اچانک طبیعت بگڑنے کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کی یاد میں اپنے گاؤں کی زمین پر، مدنی پور خانقاہ شریف اور کولکاتا دربار شریف کے گدی نشین پیر صاحب حضرت مولانا سید شاہ جلال مرشد القادری کی اجازت سے مسجد، مدرسہ اور مسافر خانہ کی تعمیر کا ارادہ کیا۔ ساتھ ہی خاناکول کے محبوب رہنما جناب اقبال احمد کے نام سے یتیم خانہ کی بنیاد رکھی گئی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس نیک کام کو مکمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔