تاثیر 4 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
چھپرہ (نقیب احمد)
ایم پی و سابق مرکزی وزیر راجیو پرتاپ روڈی انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے ٹرینی افسران سے خطاب کریں گے۔انہیں سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی، حیدرآباد نے 77ویں آر آر بیچ کے آئی پی ایس ٹرینیز سے خطاب کرنے کے لیے مدعو کیا ہے۔یہ لیکچر 5 اپریل کو اکیڈمی کیمپس میں منعقد کیا جائے گا۔ٹریننگ سیشن میں کل 217 آفیسر ٹرینیز حصہ لیں گے۔جس میں بھوٹان،نیپال اور مالدیپ کے 16 غیر ملکی اہلکار بھی شامل ہیں۔نیشنل پولیس اکیڈمی کی یہ مسلسل کوشش ہے کہ تربیت حاصل کرنے والے افسران کو زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات سے بات چیت کا موقع فراہم کرے تاکہ وہ انتظامیہ اور حکمرانی کے مختلف پہلوؤں سے واقف ہوں۔اس سے وہ انتظامی نقطہ نظر کو گہرائی سے سمجھ سکیں گے اور عوام کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے میں زیادہ مستعد ہو جائیں گے۔ایم پی مسٹر روڈی نے لیکچر کے بارے میں کہا کہ یہ ٹرینی افسران کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کرنے کا ایک اہم موقع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پولیس انتظامیہ اور پالیسی فیصلوں کے درمیان ہم آہنگی قائم کرنے کے لیے اس طرح کی بات چیت انتہائی ضروری ہے۔قابل ذکر ہے کہ ایم پی راجیو پرتاپ روڈی نیشنل پولیس اکیڈمی میں باقاعدگی سے لیکچر دیتے رہے ہیں۔جہاں وہ ٹرینی افسران کو اپنے تجربات سے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ان کے پچھلے لیکچرز میں پولیس اور عوام کے درمیان ہم آہنگی،انتظامی شفافیت اور کارکردگی پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔