تاثیر 2 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کاٹھمنڈو، 2 اپریل : بھوٹان حکومت نے امریکہ کی طرف سے ملک بدر کیے گئے 10 بھوٹانی شہریوں کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے اور ان تمام کو نیپال واپس بھیج دیا ہے۔ ان میں سے تین بھوٹانی مہاجرین کو غیر قانونی طور پر نیپال میں داخل ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ امریکہ جانے سے پہلے یہ تمام 10 افراد نیپال میں بھوٹانی مہاجر کیمپوں میں رہ رہے تھے۔ نیپال کے جھپا ضلع کے ایس پی ملان کے سی نے بدھ کے روز میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ امریکہ سے ملک بدر ہونے کے بعد غیر قانونی طور پر نیپال میں داخل ہونے والے 10 بھوٹانی شہریوں میں سے تین کو منگل کی شام گرفتار کر لیا گیا۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ امریکہ سے ڈی پورٹ ہونے کے بعد بھوٹان حکومت نے انہیں وہاں رکھنے سے انکار کر دیا جس کے بعد وہ بھارت کے راستے نیپال واپس آ گئے۔