انسان وہی کامیاب ہوتا ہے، جس کی نظر اپنے ہدف پر ہوتی ہے : عارف محمد خان

تاثیر 14  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممتاز مصورایم ایف حسین کی زندگی پر مبنی شاندار ڈرامائی اسٹیج شوکا گورنر بہار نے کیا افتتاح

پٹنہ ، 14 اپریل (محمد نور عالم ) جواہر لال نہرو مارگ (بیلی روڈ) واقع بہار میوزیم میں ’’جشن بہار ٹرسٹ‘‘ اور’’ انڈین پیپلز تھیئٹر ایسو سی ایشن (اپٹا) کے زیر اہتمام عالمی سطح کے ممتاز مصور محمد فدا حسین (ایم ایف حسین) کی زندگی پر مبنی ایک شاندار ڈرامائی اسٹیج شو’’آوارہ نقش پا (مقبول کی کہانی ایم ایف حسین کی زبانی)‘‘ منعقد ہوا۔ گزشتہ اتوار کو منعقدیہ پروگرام فنون لطیفہ کے شائقین کے لئے ایک یادگار موقع تھا، جس نے فدا حسین کے فن اور فلسفے کو نئے انداز میں پیش کیا۔تقریب کا افتتاح بہار کے گورنر جناب عارف محمد خان نے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے یم ایف حسین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ، ’’فدا حسین کا فن بھارتی ثقافت کا آئینہ ہے، جو سرحدوں سے ماورا عالمگیر شناخت رکھتا ہے۔ ان کے رنگوں اور خطوط میں زندگی کی گہرائی اور تنوع جھلکتا ہے۔‘‘ انہوں نے ایک دھارمک گرنتھ کا حوالہ دیتے ہوئے فدا حسین کی کامیابی کا راز بیان کیا کہ ’’انسان وہی کامیاب ہوتا ہے، جس کی نظر اپنے ہدف پر ہوتی ہے، اور اس کی پوری توانائی اسی پر مرکوز ہوتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ فدا حسین نے اپنی زندگی میں اس اصول پر عمل کیا، جس کی بدولت انہوں نے اپنے فن کے ذریعے نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔ گورنر نے اسے نوجوانوں کے لیے ایک سبق قرار دیا کہ یکسوئی اور لگن ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ انہوں نے اس طرح کے پروگراموں کو نوجوانوں کو ثقافتی ورثے سے جوڑنے کا اہم ذریعہ قرار دیا اور بہار میوزیم سمیت منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
’’جشن بہار ٹرسٹ ‘‘کی آرگنائزر اور اردو زبان اور مشترکہ فن و ثقافت کے فروغ کے لئے وقف محترمہ کامنا پرساد نے اپنے خطاب میں کہا، ’’فدا حسین صرف ایک مصور نہیں تھے، بلکہ ایک عملی داستان گو تھے، جنہوں نے اپنے فن کے ذریعے بھارت کی روح کو بیان کیا۔ یہ ڈرامہ ان کی جدوجہد، جذبے اور تخلیقی سفر کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘ انہوں نے تمام فنکاروں، بہار میوزیم اور اپٹا کا شکریہ ادا کیا ،جن کے تعاون سے یہ پروگرام کامیاب ہوا۔بہار میوزیم کے ڈائریکٹر جنرل انجنی کمار نے کہا،’’ہمارا میوزیم فنون لطیفہ کے فروغ کےلئےپرعزم ہے۔ فدا حسین کی زندگی پر یہ شو ہمارے لیے فخر کا باعث ہے۔‘‘ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ’’ میوزیم آئندہ بھی اس طرح کے پروگراموں کے ذریعے بہار کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرتا رہے گا۔‘‘ڈرامے میں فدا حسین کی زندگی کے مختلف مراحل کو رنگین مناظر، موسیقی، اور طاقتور مکالموں کے ذریعے پیش کیا گیا۔ ان کے مشہور فن پاروں جیسے’’ہارسز‘‘ اور ’’مدر ٹریسا سیریز‘‘کو بصری اثرات کے ساتھ زندہ کیا گیا، جو حاضرین کے لئے ایک خوشگوار منظر تھا۔ مقامی اور دیگر علاقوں سے آئے فنکاروں کی شرکت نے پروگرام کی ثقافتی ہم آہنگی کو خاطر خواہ ڈھنگ سے اجاگر کیا۔
پروگرام کےاہم شرکاء میں بہار کے گورنر عارف محمد خان اور ان کی اہلیہ ریشمہ عارف، جشن بہار ٹرسٹ کی آرگنائزرکامنا پرساد، بہار میوزیم کے ڈائریکٹر جنرل انجنی کمار، اپٹا کے ڈائرکٹر تنویر اخترو دیگر نمائندوں کے علاوہ دیگر حاضرین میں شکیل احمد خان (رکن بہار قانون ساز اسمبلی)، ڈاکٹر اجیت پردھان (معروف کارڈیو لاجسٹ اور ثقافتی تنظیم این ایس پی اے کے فاؤنڈر سکرٹری)، محمد ارشد اجمل(الخیر چیرٹیبل ٹرسٹ کے بانی)، خورشید انور ( ایڈوکیٹ، پٹنہ ہائی کورٹ) ، سنجے کمار کندن ( معروف اردو شاعر)، منوج جھا (اردوزبان کے پروموٹر)، ڈاکٹر ارچنا ترپاٹھی (اردو کی دلدادہ اور اسسٹنٹ پروفیسر)،فضل رب (معروف سوشل اکٹیوسٹ)، پروفیسر رام چندر شرما ( ماہر ثقافت)، ڈاکٹر شبانہ بیگم (فنون لطیفہ کی محقق)، راجیو کمار سنگھ (مقامی سماجی کارکن)سمیت ادب، ثقافت اور فنون لطیفہ سے وابستہ بڑی تعداد میں عمائدین و معززین شامل تھے۔ ڈرامے میں حصہ لینے والے فنکاروں میں راجیش کمار (فدا حسین کا کردار)، شویتا سنگھ، ارون پانڈے، نیہا ورما اور وکاس راؤ شامل تھے، جنہوں نے اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے۔ معاون ٹیم میں ہدایت کار سمیرا جھا، اسکرپٹ رائٹر انیل مشرا، اور میوزک ڈائریکٹر رمیش تیواری نمایاں تھے۔منتظمین نے اختتام پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ حاضرین نے اس منفرد تجربے کی بھرپور پذیرائی کی اور اسے بہار کی ثقافتی زندگی میں ایک سنگ میل قرار دیا۔ در اصل یہ پروگرام ایم ایف حسین کے فن کا ایک شایان شان جشن تھا اور بہار کے ثقافتی منظرنامے کو عالمی سطح پر روشن کرنے کی ایک کامیاب کوشش تھی۔