تاثیر 14 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کوربا، 14 اپریل: ضلع میں گزشتہ اتوار کو ایک المناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب سکتی سے کوربا آرہی ایک پک اپ گاڑی بے قابو ہوکر نہر میں جا گری۔ اس حادثے میں اب تک دو لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ تین افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔
پیر کے روز، پولیس نے ایک 7 سالہ معصوم بچی تانیا عرف خوشی ساہو کی لاش سکتی ضلع کے ناگرڈا میں ایک نہر سے برآمد کی۔ اس سے پہلے اتوار کی شام اتوارا بائی کنور نامی خاتون کی لاش پولس نے برآمد کی تھی۔پولیس نے پیر کے روز بتایا کہ ڈرائیور سمیت 29 افراد پک اپ گاڑی میں چھٹی پروگرام میں شرکت کے لیے کوربا جا رہے تھے۔ اس دوران تیز رفتار پک اپ بے قابو ہو کر نہر کے قریب الٹ گئی۔ حادثے کے بعد پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے ریسکیو آپریشن کیا اور 18 لوگوں کو بحفاظت باہر نکالا۔ تین افراد ابھی تک لاپتہ ہیں اور پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے نہر میں غوطہ خوروں کی مدد لی جا رہی ہے۔