ایران اور امریکہ کے درمیان نئے جوہری معاہدے کی راہ ہموارکرنے کیلئے عمان میں مذاکرات کا دوسرا دور

تاثیر 26  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مسقط،26اپریل:ایران کے جوہری پروگرام پر نگاہ رکھنے والے مبصرین کی توجہ آج ہفتے کے روز سلطنت عمان کی طرف مبذول ہے۔ یہاں ایرانی اور امریکی فنی ماہرین کے درمیان بعض اہم اور نازک تفصیلات پر مذاکرات ہوں گے جو ایران اور امریکہ کے درمیان ایک نئے جوہری معاہدے کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔ایرانی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور، مجید تخت روانچی اور نائب وزیر برائے قانونی و بین الاقوامی امور، کاظم غریب آبادی کریں گے۔ دوسری جانب امریکی وفد میں تقریباً 12 نمائندے شامل ہوں گے، جن کا تعلق وزارت خارجہ، وزارت خزانہ اور خفیہ ایجنسیوں سمیت مختلف اداروں سے ہو گا۔ اس وفد کی قیادت مائیکل اینٹ کریں گے، جو امریکی وزارت خارجہ میں پالیسی پلاننگ کے ڈائریکٹر ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اینٹن 2015 کے ایران-امریکہ جوہری معاہدے کے سخت مخالفین میں شمار ہوتے تھے۔