تاثیر 14 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 14 اپریل : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ کانگریس نے بابا صاحب امبیڈکر کے ساتھ کیا سلوک کیا۔ انہیں بار بار ذلیل کیا گیا اور دو بار الیکشن میں شکست ہوئی۔ انہیں نظام سے باہر رکھنے کی سازشیں کی گئیں۔ ان کی وفات کے بعد بھی ان کی میراث کو مٹانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے یہ بات ہریانہ کے حصار میں ایک جلسہ عام میں کانگریس کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بابا صاحب نے ملک کو مساوات کا راستہ دکھایا لیکن کانگریس نے پورے ملک میں ووٹ بینک کی سیاست کو فروغ دیا۔ اس دوران وزیر اعظم نے وقف ایکٹ کا بھی ذکر کیا اور اسے کانگریس کی بری پالیسی کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف چند بنیاد پرستوں کو خوش کرنے کے لیے کانگریس نے باقی سماج کو دکھی، ان پڑھ اور غریب رکھا۔ انہوں نے کہا کہ نئے وقف قانون میں ایسا انتظام کیا گیا ہے کہ وقف بورڈ ہندوستان کے کسی کونے میں آدیواسیوں کی زمین کو ہاتھ نہیں لگا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی دفعات وقف کی مقدس روح کا احترام کریں گی۔ مسلم معاشرے کے غریب اور پسماندہ خاندانوں، خواتین، علماء اور بچوں کو ان کے حقوق ملیں گے۔ یہ حقیقی معنوں میں سماجی انصاف ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سے قبل حصار میں ہوائی اڈے کی نئی ٹرمینل عمارت کا سنگ بنیاد رکھا اور ایودھیا کے لیے براہ راست پرواز کو ہری جھنڈی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ فخر کی بات ہے کہ بی جے پی ترقی یافتہ ہریانہ اور ترقی یافتہ ہندوستان کے تئیں پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ آئین کے معمار ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو ان کی یوم پیدائش پر یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی زندگی کی جدوجہد اور زندگی کا پیغام بی جے پی حکومت کے 11 سالہ سفر میں تحریک کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں۔ ہمارا ہر دن اور ہر فیصلہ بابا صاحب کے لیے وقف ہے۔ حصار سے ایودھیا کے لیے براہ راست فلائٹ سروس کے آغاز پر وزیر اعظم نے کہا کہ اس کے ساتھ کرشنا کی مقدس سرزمین آج بھگوان رام کے شہر سے براہ راست جڑ گئی ہے۔