تاثیر 14 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،14اپریل:یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اتوار کے روز امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ یوکرین کا دورہ کریں تاکہ روس کے حملے سے ہونے والی تباہی کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔اتوار کو نشر کردہ سی بی ایس کے انٹرویو “60 منٹس” کی ایک تحریری نقل کے مطابق زیلنسکی نے کہا، “کسی بھی قسم کے فیصلے یا مذاکرات سے قبل یہاں آ کر تباہ شدہ یا مردہ لوگوں، عام شہریوں، جنگ لڑنے والے سپاہیوں، ہسپتالوں، گرجا گھروں اور بچوں کو دیکھ لیں۔انہوں نے مزید کہا، یوکرین کا دورہ کر کے ٹرمپ “سمجھ جائیں گے کہ پوتن نے کیا کیا ہے۔یہ دعوت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹرمپ تین سال پرانی جنگ کے فوری خاتمے پر زور دے رہے ہیں اور یوکرین پر بے لگام حملوں کے باوجود امریکہ روس سے براہِ راست بات چیت کر رہا ہے۔واشنگٹن نے ممکنہ جنگ بندی پر یوکرینی حکام سے بھی بات چیت کی ہے۔فروری کے آخر میں وائٹ ہاؤس میں یوکرین کے صدر کی ٹرمپ اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے پریس اور میڈیا کی موجودگی میں گرما گرمی ہوئی تھی جس کے بعد زیلنسکی کی ٹرمپ کو دعوت سامنے آئی ہے۔اس وقت جے ڈی وینس نے یوکرین پر الزام لگایا تھا کہ وہ غیر ملکی رہنماؤں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے “پروپیگنڈا دوروں” کی میزبانی کر رہا تھا۔