تاثیر 6 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضا امام) 7 اپریل-وقف ترمیمی بل کی منسوخی کے سلسلے میں آئین بچاؤ، جمہوریت بچاؤ، ملک بچاؤ مہم دربھنگہ بہار کے زیراہتمام آج 7 اپریل 2025 کو دوپہر 3 بجے مدرسہ حمیدیہ، قلعہ گھاٹ دربھنگہ میں کنوینر جناب نفیس الحق رنکو کی صدارت میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پریس کانفرنس قلعہ گھاٹ شاہی مسجد کے امام محمد وارث علی حسین انصاری، صبغت اللہ عرف ڈبو خان، ایڈوکیٹ ممتاز عالم، ایڈوکیٹ عنبر امام ہاشمی، نیاز احمد، ریاستی نائب صدر انصاف منچ کم سی پی آئی ایم ایل اسٹیٹ کمیٹی ممبر، سچن رام پردھان جنرل سکریٹری آر جے ڈی، راجو ضلعی صدر بھیم آرمی، طارق رضا، سید آفتاب اشرف، محمد دشاد، محمد عمر، طارق احمد خان سمیت آئین پر یقین رکھنے والے درجنوں معززین نے پریس کانفرنس میں شرکت کی۔ پریس سے خطاب کرتے ہوئے نفیس الحق رنکو جی نے کہا کہ 12 اپریل 2025 بروز سنیچر صبح 9 بجے مدرسہ حمیدیہ، قلعہ گھاٹ دربھنگہ سے وقف ترمیمی قانون کو منسوخ کرنے کے لیے ایک خاموش جلوس نکالا جائے گا۔ یہ جلوس ناکا 5، ناکہ 6، لوہیا چوک سے ہوتا ہوا ضلع ہیڈ کوارٹر لہریا سرائے دھرنا اسٹل تک جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی نفیس الحق رنکو نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت وقف ترمیمی ایکٹ کو منسوخ نہیں کرتی ہے تو اس سلسلے میں مرحلہ وار احتجاج کیا جائے گا۔ اس پریس کانفرنس میں موجود تمام ممبران نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔