تاثیر 18 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفی)دربھنگہ مظفر پور این ایچ 27 سڑک اتر بیل و شاشتری چوک کے درمیان مرکزی سڑک پر گنے کے رس سے لدے ٹرک کے الٹ جانے سے ٹریفک متاثر رہا زخمی ٹرک ڈرائیور کو مقامی طور پر طبی امداد دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹرک مظفر پور سے پورنیہ جا رہا تھا۔ ادھر فور لین روڈ پر مرمتی کام کے باعث اتر بیل شاشتری چوک سے اتربیل تک ایک لین پر گاڑیوں چل رہی تھی جس کی وجہ سے گاڑیاں صرف مظفر پور کی طرف جانے والی لین پر چلتی رہتی ہیں۔ اس دوران مخالف لین سے ٹرک کو راستہ دیتے ہوئے اچانک سامنے سے آنے والی بائک کی وجہ سے ٹرک ڈرائیور اپنا توازن کھو بیٹھا۔ اچانک بریک لگنے سے ٹرک سڑک پر الٹ گیا۔ ٹرک میں گنے کا رس رکھنے والا کنٹینر سڑک پر ہر طرف بکھر گیا۔ ٹرک کے الٹتے ہی آس پاس کے لوگ موقع پر جمع ہوگئے۔ لوگوں نے بڑی کوشش کرکے ڈرائیور کو ٹرک کے کیبن سے باہر نکالا۔ معلوم ہوا ہے کہ تارا ٹول کے قریب این ایچ پر تباہ شدہ پل کی مرمت کی وجہ سے مظفر پور کے سباس چوک سے اتر بیل چوک تک ایک ہی لین پر گاڑیوں کی آمدورفت ہوتی ہے۔ ایسے میں یہاں ہر وقت جام رہتا ہے۔ دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاروں کے باعث موٹر سائیکلوں اور چھوٹی گاڑیوں کو چلانے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے