تاثیر 17 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 17 اپریل: مرکزی زراعت، کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان اس وقت برکس ممالک کے وزرائے زراعت کی 15ویں میٹنگ کے لیے برازیل کے دورے پر ہیں۔ اس دوران انہوں نے برازیل میں سویابین کے پیداواری پلانٹ، ٹماٹر کے فارمز اور بعض دیگر اداروں کا دورہ کیا۔ شیوراج سنگھ نے وہاں کاشتکاری میں اپنائے جانے والے میکانائزیشن اور آبپاشی کے جدید طریقوں کا مشاہدہ کرنے کے ساتھ اسے کسانوں کے نقطہ نظر سے بھی سمجھا تاکہ نئے طریقوں کا فائدہ ہندوستانی کسانوں تک پہنچایا جا سکے۔
برازیل کے سویا بین پیداواری پلانٹ کا مشاہدہ کرتے ہوئے شیوراج سنگھ نے ہندوستان میں سویا بین کے شعبے کی ترقی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم ملک میں سویا بین کی پیداوار کو کس طرح بڑھا سکتے ہیں اور اس کی پروسیسنگ کے شعبے میں ہم برازیل کے ساتھ مل کر کیسے کام کر سکتے ہیں۔ اس وقت ہندوستان برازیل سے سویا تیل درآمد کرتا ہے لیکن بات چیت کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ وہ سرمایہ کاری کرے اور سویا پراسیسنگ پلانٹ لگائے اور سویا تیل ہندوستان سے بھی برآمد کیا جاسکتا ہے۔
شیوراج سنگھ نے کہا کہ میں نے جو پریزنٹیشن دیکھا اس میں اگر کپاس چننا ہو تو اسے براہ راست ہارویسٹر سے نکالا جاتا ہے۔ برازیل میں جو تحقیق اور تفتیش جاری ہے اسے انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر) کے ساتھ مل کر کیا جانا چاہیے تاکہ ہم بہتر بیج تیار کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارت بڑھانے سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت ہوئی۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستانی زراعت کی تیز تر ترقی کے لیے میں نے برازیل کے ایک وفد کو بھی مدعو کیا ہے کہ وہ آئے اور تمام امکانات کا جائزہ لے۔ ہندوستان کی طرف سے بھی مکمل تعاون حاصل کیا جائے گا اور پورا اعتماد ہے کہ دونوں ممالک اور یہاں کی تاجر برادری ہندوستان کے ساتھ تجارت، ٹیکنالوجی وغیرہ کو مؤثر طریقے سے بڑھانے پر نہ صرف سنجیدگی سے غور کریں گے بلکہ تیزی سے آگے بڑھیں گے۔
شیوراج سنگھ نے برازیل کے وزیر زراعت کے ساتھ برازیل میں ٹماٹر کے فارم ہاؤس کا بھی دورہ کیا جہاں ہزاروں ہیکٹر رقبے پر ٹماٹر کی کاشت کی جاتی ہے۔