تاثیر 22 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جے پور، 22 اپریل : ریاستہائے متحدہ کے نائب صدر جے ڈی وینس، جو ہندوستان کے چار روزہ دورے پر ہیں، منگل کی صبح اپنے اہل خانہ کے ساتھ جے پور کے تاریخی آمیر قلعہ پہنچے۔ وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما اور نائب وزیر اعلیٰ دیا کماری نے آمیر قلعہ میں وینس کا شاندار استقبال کیا۔ وینس کے ساتھ ان کی اہلیہ اوشا وینس، بیٹے وویک، ایوان اور بیٹی میرابیل بھی تھے۔
آمیر قلعہ کے جلیبی چوک پر ہاتھیوں پشپا اور چندا نے روایتی انداز میں ان کا استقبال کیا۔ اس کے علاوہ لوک فنکاروں نے کچی گھوڑی، گھومر اور کالبیلیا رقص پیش کرکے مہمانوں کو محظوظ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے نائب صدر وینس کو گلدستہ پیش کیا اور ان کے خوشگوار قیام کی خواہش کی، جبکہ نائب وزیر اعلیٰ دیا کماری نے امریکہ کی خاتون ثانی اوشا وینس کا خیرمقدم کیا۔
وینس خاندان نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک آمیر قلعہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے دیوان عام، گنیش پول، مان سنگھ پیلس اور دنیا کا مشہور شیش محل دیکھا۔ وہ شیش محل کی دیواروں پر بیلجیم سے درآمد کیے گئے شیشے اور قیمتی پتھروں سے خاصے متاثر ہوئے۔ وینس کو اپنی بیٹی میرابیل کو گود میں لے کر قلعہ کی سیر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ قلعہ سے واپسی کے دوران، ان کا قافلہ جے پور کے مشہور ہوا محل کے سامنے سے گزرا۔ اس کے بعد وہ رام باغ پیلس لوٹ گئے، جہاں وہ اپنے خاندان کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ صبح انہیں ہوٹل کے باغ میں ننگے پاؤں چہل قدمی کرتے بھی دیکھا گیا۔ دوپہر 2:45 بجے، وینس راجستھان انٹرنیشنل سینٹر میں یو ایس بزنس سمٹ میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ اس کے بعد انہیں گورنر ہری بھاؤ باگڑے، وزیر اعلی بھجن لال شرما اور وزیر صنعت راجیہ وردھن سنگھ راٹھور سے ملنے کی تجویز ہے۔

