تاثیر 22 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ،22 اپریل: اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری سنجے رائے نے منگل کو بی جے پی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں وقف سدھار جن جاگرن ابھیان کی علاقائی ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے ملک کے 90 فیصد مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ اس بل میں تبدیلی سے لاکھوں غریب مسلمانوں کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے معاشرے کو گمراہ کرنے کے لیے جو پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، وہ اب عوامی بیداری کی طاقت کے سامنے نہیں ٹھہر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ وقف ترمیمی بل سے نہ صرف شفافیت آئے گی بلکہ وقف بورڈ کی آڑ میں برسوں سے جاری مافیاگیری کا بھی خاتمہ ہوگا۔ وقف ترمیمی بل کی وجہ سے مافیا کانپ رہا ہے، ایس پی-کانگریس میں کھلبلی مچی ہے، لیکن ایس پی، کانگریس، ترنمول کانگریس اور آر جے ڈی کو ڈر ستانے لگا ہے۔جب مسلمانوں کو یہ حقیقت معلوم ہو جائے گی کہ یہ بل ان کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہے تو پھر ان جماعتوں کو مسلم بوتھوں پر ایجنٹ بھی نہیں ملیں گے،جہاں پہلے یہ لوگ ووٹ بینک کی لہلہاتیفصل کاٹتے تھے، اب وہاں کی ای وی ایم مشینیں کنول کے پھولوں سے بھر جائیں گی۔

