تاثیر 8 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضا امام) 8 مئی-آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر جمال حسن نے ’’ہر گھر میں کانگریس کا جھنڈا‘‘ مہم کے تحت وارڈ نمبر 20 کے لال باغ محلہ میں گھر گھر جاکر کانگریس کا جھنڈا لہرایا۔ اس موقع پر مقامی کارکنوں اور اہل علاقہ نے بھی شرکت کی۔ ڈاکٹر جمال حسن نے کہا کہ یہ مہم صرف جھنڈا لہرانے کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ لوگوں کو کانگریس کے نظریہ سے جوڑنے کی کوشش ہے۔ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ ملک کے اتحاد، ہم آہنگی اور سیکولرازم کو ترجیح دی ہے۔ یہ مہم آج ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کے خلاف ایک مضبوط پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی کی پالیسیوں کو سمجھیں اور ملک کی جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے متحد ہوجائیں۔ڈاکٹر جمال حسن نے مزید کہا کہ “ہر گھر کانگریس کا جھنڈا” پروگرام کا مقصد عام لوگوں تک پہنچنا ہے تاکہ پارٹی کو یہ محسوس ہو کہ کانگریس ان کے دکھ اور درد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آنے والے انتخابات میں کانگریس پارٹی پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گی تاکہ عوام کو ایک آپشن دیا جا سکے۔اس پروگرام میں کانگریس قائدین ڈاکٹر بدر الحسن، راشد خان، محمد نور سمیت کئی کارکنوں، نوجوانوں اور بزرگوں نے جوش و خروش سے شرکت کی جس سے علاقے میں ایک مثبت ماحول پیدا ہوا۔

