سی پی ایم لیڈر نیپال دیو بھٹاچاریہ کا انتقال

تاثیر 13 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 13 مئی: بائیں بازو کی سیاست کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ نیپال دیو بھٹاچاریہ کا پیر کی دیر رات انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 74 سال تھی۔ انہوں نے کولکاتا کے ای ایم بائی پاس پر واقع ایک نجی اسپتال میں آخری سانس لی۔ ان کے انتقال سے شمالی 24 پرگنہ ضلع سمیت بائیں بازو کے کیمپ میں گہرے غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
نیپال دیو بھٹاچاریہ اپنے طالب علمی کے زمانے سے ہی بائیں بازو کی سیاست سے وابستہ تھے۔ وہ طلبہ تنظیم ایس ایف آئی کے تین بار آل انڈیا جنرل سکریٹری رہے۔ پارٹی کے سابق جنرل سکریٹری سیتارام یچوری اور موجودہ جنرل سکریٹری ایم اے بے بی ان کے ساتھی رہے۔ سال 1981 میں وہ راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے اور ان کا شمار اس وقت کے سب سے کم عمر ممبران پارلیمنٹ میں ہوتا تھا۔
انہیں 1990 کی دہائی میں پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں سی پی ایم سے نکال دیا گیا تھا، لیکن بعد میں انہیں باعزت طور پر پارٹی میں واپس لے لیا گیا اور مختلف ذمہ داریاں دی گئیں۔ سال 2015 میں انہیں شمالی 24 پرگنہ ضلع سکریٹری کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ انہوں نے 2016 کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی امیدوار کے طور پر راجرہاٹ-گوپالپور سے مقابلہ کیا لیکن ہار گئے۔ اس کے بعد، 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں، انہوں نے ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر سوگت رائے کے خلاف دمدم سے مقابلہ کیا، لیکن وہ جیت نہیں سکے۔