شملہ کے جونانگ بدھ مٹھ سے تین نابالغ بھکشو لاپتہ، پولیس تلاش میں مصروف

تاثیر 13 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

شملہ، 13 مئی: دارالحکومت شملہ کے نواحی علاقے سنجولی میں واقع جونانگ بدھ مٹھ سے تین نابالغ بھکشووں کے لاپتہ ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ واقعہ 11 مئی کو پیش آیا، جب تینوں بچہ بھکشو کسی کو بتائے بغیر مٹھ سے غائب ہو گئے۔ مٹھ انتظامیہ نے پورا دن شملہ شہر میں بچوں کی تلاش کی لیکن جب وہ کامیاب نہیں ہوئے تو 12 مئی کو دھلی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی۔ پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 137(2) کے تحت مقدمہ درج کر کے لاپتہ بچوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
جونانگ مٹھ میں بطور منیجر کام کرنے والے سانگے دورجی نے یہ شکایت درج کرائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ ایک برس سے اس مٹھ میں کام کر رہے ہیں اور یہاں 150 کے قریب بچے رہ کر دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان میں مغربی بنگال کے 11 اور 12 سال کے بچے اور اروناچل پردیش کا ایک 13 سال کا بچہ شامل ہے۔
شملہ پولیس کے ایک اہلکار نے منگل کو بتایا کہ لاپتہ بچوں کی تلاش جاری ہے۔ اس معاملے میں دھلی پولیس نے آس پاس کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔