سپریم کورٹ میں جسٹس یشونت ورما کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی عرضی پر 20 مئی کو سماعت

تاثیر 19 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 19 مئی:سپریم کورٹ نے جسٹس یشونت ورما کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست پر جلد سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس معاملے کا تذکرہ آج درخواست گزار اور ایڈوکیٹ میتھیوز نیڈم پارا نے چیف جسٹس بی آر گوائی کی سربراہی والی بنچ کے سامنے کیا۔ چیف جسٹس نے اس معاملے کی کل یعنی 20 مئی کو سماعت کرنے کا حکم دیا۔ایڈوکیٹ نیڈم پارا اور دو دیگر درخواست گزاروں کی طرف سے دائر درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہلی پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے اور اس معاملے میں موثر تحقیقات کرنے کی ہدایت جاری کی جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس کی طرف سے تشکیل دی گئی تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی کے پاس جسٹس ورما کی رہائش گاہ پر آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا کوئی دائرہ اختیار نہیں ہے کیونکہ یہ واقعہ تعزیرات ہند کے تحت مختلف قابل شناخت جرائم کے تحت آتا ہے۔