تاثیر 5 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کانپور، 05 مئی: چمن گنج پولیس اسٹیشن کے تحت گاندھی نگر علاقے میں ایک پانچ منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے شوہر، بیوی اور ان کی تین بیٹیوں کی موت ہوگئی۔ تقریباً آٹھ گھنٹے کی محنت کے بعد تمام لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ اس عمارت کی پہلی اور دوسری منزل پر جوتوں کی فیکٹری ہے۔ تیسری اور چوتھی منزل پر خاندان رہتے ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اتوار کی رات تقریباً ساڑھے آٹھ سے نو بجے کے درمیان عمارت کے گراؤنڈ فلور پر جوتوں کی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ کچھ ہی دیر میں آگ دوسری منزل سے چوتھی منزل تک پھیل گئی۔ فیکٹری میں انتہائی آتش گیر مواد کی موجودگی کے باعث آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر عمارت میں پھنسے کئی لوگوں کو بحفاظت باہر نکالا۔ اس دوران 10 منٹ کے وقفے میں تین زور دار دھماکے ہوئے جس سے آگ مزید شدت سے بھڑک اٹھی۔ آگ بجھانے کے لیے ہائیڈرولک مشین کے ذریعے پانی کا مسلسل چھڑکاؤ کیا گیا۔