تاثیر 3 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
اسلام آباد، 03 مئی: پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر آج راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو)پہنچے۔ ملک کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی اور ممکنہ فوجی تصادم کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ جی ایچ کیو ملک کی فوج کا مرکزی ہیڈ کوارٹر ہے۔ یہ آرمی آپریشنز، اسٹریٹجک پلاننگ اور مختلف عسکری سرگرمیوں کا مرکز ہے۔
پاکستان کے اخبار دی نیشن نے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان کے حوالے سے خبر میں کہا کہ جنرل منیر نے اس موقع پر خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔ اس دوران موجودہ جیو اسٹریٹجک صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا۔ اس میں ہند- پاک تعطل اور علاقائی سلامتی پر خصوصی زور دیا گیا۔ کانفرنس میں کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کے خلاف ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔