لڑکی نے کھایا زہر، دفنانے کے دوران پولیس کے پہنچنے پر اہل خانہ فرار

تاثیر 26 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

سہرسہ(سالک کوثر امام)سہرسہ میں ایک نوجوان لڑکی کی مشتبہ حالت میں موت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ 24 مئی کو لڑکی نے فون پر بات کرنے پر والد کی ڈانٹ کے بعد کیڑے مار دوا کھا لی۔ گھر والوں نے اسے علاج کے لیے پرائیویٹ کلینک میں داخل کرایا۔ جہاں پیر کی صبح اس کی موت ہو گئی۔ اہل خانہ ان کی لاش کو دفنانے کے لیے گھر سے 500 گز دور قبرستان میں گئے۔
دریں اثناء خفیہ اطلاع پر تھانہ بھیرہ کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کو دیکھ کر گھر والے تمام افراد لاش چھوڑ کر بھاگ گئے۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کروا کر لاش گاؤں والوں کے حوالے کر دی۔ مقتولہ تین بہنوں اور دو بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھی۔ 2 بہنیں شادی شدہ ہیں۔ دونوں بھائی دوسرے شہر میں مزدوری کرتے ہیں۔

یہ واقعہ بھیرہ تھانہ علاقہ کے تحت سہول گاؤں میں پیش آیا۔ متوفیہ کی شناخت ناظرہ خاتون (15) بنت محمد کلام کے طور پر ہوئی ہے۔
پڑوسی بی بی حبیبہ نے بتایا کہ 24 مئی کو لڑکی فون پر کسی سے بات کر رہی تھی۔ باپ نے یہ دیکھا تو ناظرہ کو ڈانٹا۔ اس کے بعد اس نے گھر میں رکھی گندم پر استعمال ہونے والی کیڑے مار دوا کھا لی۔ گھر والے اسے پرائیویٹ کلینک لے گئے۔ وہیں علاج کے دوران پیر کی صبح اس کی موت ہوگئی۔
سب انسپکٹر بابر علی نے بتایا کہ زہر پینے سے نابالغ کی موت اور لاش کی تدفین کی اطلاع ملی تھی۔ فی الحال پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا ہے۔ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔ متوفیہ کے تمام اہل خانہ مفرور ہیں۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔