تاثیر 26 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پیرس، 26 مئی: 14 بار کے فرنچ اوپن چیمپیئن اور سابق ہسپانوی ٹینس اسٹار رافیل نڈال کو اتوار کو رولینڈ گیروس کمپلیکس کے کورٹ فلپ چیٹریئر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں جذباتی وداعی دی گئی۔ 38 سالہ نڈال نے گزشتہ سال نومبر میں ٹینس سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور اس موقع پر ہزاروں تماشائیوں نے کھڑے ہوکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
بیس سالہ سفر پر نڈال جذباتی ہوئے
تقریب کے دوران نڈال اس وقت بہت جذباتی ہو گئے جب انہوں نے اپنے کیریئر کی جھلکیوں کی ویڈیو دیکھی۔انہوں نے کہا، ’’مجھے نہیں معلوم کہاں سے شروع کروں… میں گزشتہ 20برس سے اس کورٹ پر کھیل رہا ہوں، میں نے یہاں درد بھی برداشت کیا ہے، فتح کا مزہ چکھا ہے اور ہار بھی دیکھی ہے۔ میری زندگی کے گہرے جذبات اس کورٹ سے وابستہ ہیں۔‘‘
تماشائیوں نے مختلف رنگوں کی ٹی شرٹس پہن کر ’’14 آر جی، رافا‘‘ کا شاندار نظارہ پیش کیا، جو کہ نڈال کو ان کے 14 فرنچ اوپن خطاب پر خراج تحسین پیش کرنے کا ایک طریقہ تھا۔ پورا سٹیڈیم تالیوں کی گڑگڑاہٹ اور نعروں سے گونج اٹھا۔
فیملی اور لیجنڈری کھلاڑیوں کی موجودگی میں اعزاز دیا گیا
تقریب میں نڈال کے خاندان کے تمام افراد موجود تھے — ان کے چچا اور سابق کوچ ٹونی نڈال، والد سیبسٹین نڈال، والدہ اینا ماریا پریرا، اہلیہ ماریا فرانسسکا پیریلو، بہن ماریا ازابیل اور بیٹے رافا جونیئر نے اس تاریخی لمحے کا مشاہدہ کیا۔