تاثیر 2 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 2 مئی (:جموں ضلع کے اکھنور علاقے میں دریائے چناب میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے دریا کے کنارے آباد افراد کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکام نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ اپنے مویشیوں سمیت دریا کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر مکمل چوکسی اختیار کریں۔گزشتہ شب علاقے میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس کے باعث دریا میں طغیانی پیدا ہوئی ہے۔ اس سے قبل ضلع رامبن میں بادل پھٹنے کے واقعے میں بڑے پیمانے پر تباہی دیکھنے میں آئی تھی، جس کے پیش نظر موجودہ صورتحال کو انتہائی سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامی ہدایات پر عمل کریں اور صرف مصدقہ ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

