اسرائیلی فوج نے یمن کی تین بندرگاہوں سے شہریوں کو انخلا کا حکم دے دیا

تاثیر 12 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

صنعاء،12مئی: اسرائیلی فوج نے یمن کی تین بندرگاہوں راس عیسیٰ، الحدیدہ اور الصلیف پر شہریوں کو انخلا کا حکم جاری کر دیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے کہا ہے کہ فوج نے یمن کی تین بندرگاہوں، راس عیسیٰ، الحدیدہ اور الصلیف کو خالی کرنے کے انتباہ جاری کیا اور کہا کہ یمن کی حوثی جماعت ان بندرگاہوں کو استعمال کر رہی ہے۔اسرائیل نے منگل کے روز صنعاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک بڑا حملہ کیا تھا۔ یہ حملہ حوثیوں کی جانب سے تل ابیب کے باہر بن گوریون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایک راکٹ گرنے کے بعد کیا گیا۔ فضائی حملے سے قبل اسرائیلی فوج نے صنعاء ایئرپورٹ کے آس پاس کے علاقوں کو بھی خالی کرنے کا حکم دیا تھا۔ اکتوبر 2023 میں غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے یمن میں حوثیوں نے حماس کی حمایت میں اسرائیل پر بارہا میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ جواب میں اسرائیلی فضائیہ نے کہا کہ یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔