جے آئی ایس گروپ کی ڈرون ٹریننگ سے طلباء جدید مہارتوں سے لیس

تاثیر 13 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کلکتہ، 13/ مئی (تاثیر بیورو) جے آئی ایس گروپ نے ڈرون ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر سدھیر چندر انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ اسپورٹس کمپلیکس میں تین روزہ ڈرون ٹریننگ کورس کا انعقاد کیا۔ جے آئی ایس ڈرون اکیڈمی کے تحت منعقدہ اس کورس میں 50 سے زائد طلباء نے شرکت کی۔
ماہرین جناب سوبھن چکرورتی، سوبھندو منڈل، اور راکیش کی رہنمائی میں طلباء کو ڈرون کے بنیادی اصول، فضائی قوانین، اور عملی پرواز کی تربیت دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈرونز کے زرعی استعمال، ماحولیاتی نقشہ سازی، نگرانی، اور انفراسٹرکچر مانیٹرنگ جیسے جدید پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
طلباء کو ڈرون پائلٹ لائسنس کے حصول، قانونی تقاضوں اور ممکنہ کیریئر کے مواقع سے آگاہ کیا گیا۔ تربیت کے اختتام پر تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹ دیا گیا۔
اس تعلق سے جے آئی ایس گروپ کے ڈائریکٹر سردار سمر پریت سنگھ نے کہا کہ “ہم اپنے طلباء کو نہ صرف مستقبل کے کیریئرز بلکہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی تیار کر رہے ہیں۔ ڈرون ٹیکنالوجی آج ہر اہم شعبے میں فیصلہ کن کردار ادا کر رہی ہے۔”