تاثیر 13 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ (فضا امام)13؍ مئی۔للت نرائن متھلا یونیورسٹی ، دربھنگہ کا ملحقہ سی۔کالج، دربھنگہ نہ صرف ہماری یونیورسٹی بلکہ شمالی بہار کا ایک تاریخی تعلیمی ادارہ ہے اور قومی سطح پر اس کی غیرمعمولی شناخت ہے۔اس تاریخی تعلیمی ادارہ کے علمی وقار کو برقرار رکھنا ہم سبھوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور خصوصی طورپر یونیورسٹی انتظامیہ کی نظر میں اس کو اولیت حاصل ہے۔ان خیالات کا اظہار للت نرائن متھلا یونیورسٹی،دربھنگہ کے معزز وائس چانسلر پروفیسر سنجے کمار چودھری نے کیا ۔ پروفیسر چودھری نے کالج کے تمام اساتذہ سے ملاقات کی اور طلبا وطالبات سے بھی روبرو ہوئے۔ انہوں نے کالج کے پرنسپل پروفیسر مشتاق احمد کے ساتھ تمام کلاسز کا معائنہ کیا اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کالج کے احاطے میں طلبا وطالبات کی بڑی تعداد کالج کے کیمپس کو زندگیٔ نو عطا کرتا ہے ۔ انہو ںنے اساتذہ کی تصنیف وتالیف کی فہرست دیکھ کر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ کالج کے اساتذہ درس وتدریس کے علاوہ ریسرچ کے کاموں کے تئیں بھی سنجیدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیک کے مدِ نظر کالج کی تیاری کا جائزہ لینے کے بعد یہ اطمینا ن ہوا کہ سی۔ایم کالج، دربھنگہ بہترین گریڈ حاصل کرنے کا حقدار ہے۔انہوں نے غیر تدریسی ملازمین سے بھی ملاقات کی اور دفتری کام کاج کی معلومات حاصل کی ۔ تمام کیش بک اور دیگر رجسٹروں کا بھی معائنہ کیا اور مشورے بھی دئیے۔پروفیسر مشتاق احمد ، پرنسپل کالج ہذا نے ان کی آمد پر متھلا کی روایت کے مطابق پاگ، چادر اور گلدستہ سے ان کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر این سی سی اور این ایس ایس کے کیڈٹ نے روایتی انداز میں ان کا استقبال کیا ۔پروفیسر احمد نے معزز وائس چانسلر کو نیک کے متعلق مکمل معلومات سے آگاہ کیا اور تمام اساتذہ وملازمین کی دن رات محنت کا اعتراف کیا کہ ان سبھوں کی بدولت ہی کالج میں خوشگوار انتظامی اور تعلیمی ماحول قائم ہوا ہے۔پروفیسر احمد نے کہا کہ ان دنوں کالج میں طلبا وطالبات کی حاضری جانچ کی خصوصی مہم چل رہی ہے ۔14اور15مئی 2025کو تمام طلبا وطالبات کی حاضری ویڈیو گرافی کے ذریعہ بھی کرائی جائے گی اور جو طلبا حاضر نہیں ہوں گے ان کے نام داخلہ رجسٹر سے خارج کئے جائیں گے۔اس کی اطلاع پہلے بھی دی جا چکی ہے۔