تاثیر 14 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پانی پت، 14 مئی: ضلعی پولیس نے پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم یہاں کی ایک فیکٹری میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا۔ پولیس نے یہ کارروائی اس کے فون نمبر سے ہونے والی مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے بعد کی ہے۔پانی پت کے قائم مقام پولیس سپرنٹنڈنٹ گنگا رام پونیا نے بدھ کو بتایا کہ گرفتار شخص کی شناخت نعمان الٰہی کے طور پر کی گئی ہے جو اصل میں اتر پردیش کے کیرانہ کا رہنے والا ہے۔ اے سی پونیا نے بتایا کہ ہمیں ایک ان پٹ موصول ہوا ہے۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے نعمان الٰہی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں جاسوسی کے الزامات کو درست پایا گیا ہے۔ اس کے پاکستان میں کچھ لوگوں سے رابطے ہیں، جن کو وہ حساس اور اہم معلومات بھیجتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پانی پت کے انڈسٹریل ایریا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس کے پاس سے جو بھی الیکٹرانک سامان ملا وہ ضبط کر لیا گیا ہے۔ ان کا تجزیہ بھی کیا جا رہا ہے۔ اس کے الیکٹرانک آلات سے بہت سی چیزیں ملی ہیں۔ اس سے پوچھ گچھ کے دوران کافی معلومات بھی ملی ہیں۔ اس کے پیسے لینے سے متعلق کچھ دستاویزات بھی ملے ہیں۔