تاثیر 14 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 14 مئی: مرکزی حکومت نے انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن کے تحت اتر پردیش میں ایک اور’سیمی کنڈکٹر یونٹ‘ کے قیام کو منظوری دی ہے۔ اس یونٹ کے قیام سے ملک میں سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں ملک کے چھٹے سیمی کنڈکٹر پلانٹ کے قیام کی تجویز کو منظوری دی گئی۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اشونی وشنو نے نیشنل میڈیا سینٹر میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ یونٹ ایچ سی ایل اورفاکس کانن کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ یہ یمنا ایکسپریس وے انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے علاقے میں جیور ہوائی اڈے کے قریب قائم کیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ میں 3,700 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ یہ ملک میں قائم ہونے والا چھٹا ’سیمی کنڈکٹر یونٹ‘ ہے۔ اس سے پہلے پانچ یونٹ تعمیر کے اعلیٰ مراحل میں ہیں۔پلانٹ کا مقصد موبائل فون، لیپ ٹاپ، آٹوموبائل، پی سی اور دیگر آلات کے لیے ’ڈسپلے ڈرائیور چپس‘ تیار کرنا ہے۔ اس پلانٹ کو ماہانہ 20 ہزار ویفرز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کے ڈیزائن کی پیداواری صلاحیت ہر ماہ 3.6 کروڑ یونٹ ہوگی۔