کرنل صوفیہ قریشی کے بیان سے ناراض مایاوتی

تاثیر 14 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 14 مئی:بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے کرنل صوفیہ قریشی کے بارے میں دیے گئے بیان پر سوشل میڈیا صارفین پر اپنا سخت ردعمل دیا ہے۔ اس پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے بیان دینے والے مدھیہ پردیش کے وزیر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سے قبل سکریٹری خارجہ وکرم مسری کے خلاف سوشل میڈیا پر کیے گئے نازیبا تبصروں پر بھی غصے کا اظہار کیا ۔
بی ایس پی سربراہ نے بدھ کو انسٹاگرام پر لکھا کہ پہلے خارجہ سکریٹری کے خلاف اور پھر خاتون آرمی آفیسر کے خلاف نفرت انگیز، غیر مہذب اور نا زیبا تبصرے کیے گئے۔ اس طرح کے تبصرے واقعی جوش اور ولولے کے پورے اچھے ماحول کو خراب کرنے والے ہیں جو پورا ملک بھارتی فوج کی پاکستان کے خلاف ‘آپریشن سندور’ کی کامیابی سے پر جوش ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے ایک سینئر وزیر نے فوج کے ترجمان کرنل صوفیہ کے بارے میں نازیبا تبصرہ کیا ہے۔ یہ عمل انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے۔ بی جے پی اور مرکزی حکومت کو اس کو سنجیدگی سے لینا چاہئے اور وزیر کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے، تاکہ دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام ہوں اور ملک میں باہمی بھائی چارہ اور ہم آہنگی خراب نہ ہو۔