اوقاف کے تحفظ کی تحریک میں دربھنگہ کی مذہبی وملی تنظیموں کا اتحاد قابل مبارکباد : ممتاز عالم

تاثیر 6 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضا امام) 6 مئی-دوروز قبل آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی تجویز اور امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ کی آواز پر عیدگاہ اسماعیل گنج لہیریا سرائے دربھنگہ میں وقف ایکٹ 2025کے خلاف اوقاف بچاؤ آئین بچاؤ کے عنوان سے ایک بڑا اجلاس منعقد ہوا اس اجلاس میں جہاں ایک طرف عوام الناس کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر نظر آیا وہیں دوسری طرف اسٹیج پر تمام دینی ملی وسماجی تنظیموں کا خوبصورت اتحاد بھی نظر آیا جو یقیناً لائق تحسین ہونے کے ساتھ قابل مبارکباد بھی ہے یہ باتیں دربھنگہ شہر کے مشہورملی وسماجی خدمت گزارایڈوکیٹ محمد ممتاز عالم جنرل سکریٹری تنظیم امارت شرعیہ دربھنگہ نے پریس کے لئے جاری اپنے بیان میں کہیں، موصوف نے کہا کہ اسٹیج پر جہاں صدر اجلاس حضرت مفکر ملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی صاحب امیر شریعت بہار اڈیشہ جھارکھنڈ ومغربی بنگال جلوہ افروز تھے وہیں دوسری طرف جمیعت اہلحدیث کے ذمّہ دار مولانا عرفان احمد سلفی مدنی صاحب، جماعت اسلامی کے ذمّہ دار جناب احمد رضا صاحب، ادارہ شرعیہ کے قاضی جناب مفتی فیضان الرحمٰن سبحانی صاحب انجمن کاروان ملت کے صدر ریاض احمد خان قادری صاحب جمیعت علماء ہند الف دربھنگہ کے سکریٹری پروفیسر مکی انصاری صاحب جمیعت علماء ہند میم دربھنگہ کے صدر مولانا اعجاز احمد صاحب مدرسہ حمیدیہ قلعہ گھاٹ کے صدر صبغت اللہ خان اور مولانا خالد رضا قادری صاحب امارت شرعیہ کے معاون ناظم مولانا احمد حسین قاسمی اور امارت شرعیہ کے چاروں قاضی شریعت جناب مفتی ارشد علی رحمانی(کنوینر اجلاس) مولانا محمد عاصم قاسمی مولانا ابو شاہد قاسمی مولانا محمد اخلاق قاسمی یہ سب ایک ساتھ بیٹھ کر اتحاد و اتفاق کا ایسا نظارہ پیش کررہے تھے کہ دل باغ باغ ہو گیا اور دربھنگہ شہر کے قاضی شریعت مفتی ارشد علی رحمانی صاحب کنوینر اجلاس کے لئے دل سے خوب دعائیں کی کہ انہوں نے تمام مسالک کے علماء اور ذمّہ داران کو ایک اسٹیج پر جمع کر دیا ۔موصوف نے کہا کہ اوقاف بچاؤ آئین بچاؤ کانفرنس کی منتظمہ کمیٹی کے اراکین تمام ملی تنظیموں کے سربراہان تنظیم امارت شرعیہ کے تمام بلاک کے صدور وسکریٹری تمام نقباء تمام سماجی ذمہ داران اور مدارس کے نظماء ومدرسین کے ساتھ دربھنگہ کے تمام مسلمانان بھی دلی مبارکباد اور شکریہ کے مستحق ہیں کہ انہوں نے اوقاف کی حفاظت کے لیے اجتماعیت کا ثبوت دیا اور سخت گرمی میں جم کر اجلاس میں بیٹھے رہے، موصوف نے حزب اختلاف کی تمام سیاسی جماعتوں اور تمام صحافی حضرات کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جن لوگوں نے جس درجے میں بھی اجلاس کی کامیابی میں تعاون کیا اللّٰہ تعالیٰ ان سبھوں کو بہتر بدلہ عطا فرمائے ۔