تیز رفتار بولیرو نے باراتیوں کو کچل دیا، 2 جاں بحق، 15 زخمی

تاثیر 6 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

امیٹھی،6مئی: ضلع کے موہن گنج تھانہ علاقہ کے تحت پاکرگاؤں گرام سبھا کے پورے لیگڑا گاؤں کے نزدیک ایک تیز رفتار بولیروبے قابو ہوکر باراتیوں پر چڑھ گئی، جس کے باعث شادی کے 2 باراتی جاں بحق جب کہ 15 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے تمام زخمیوں کو اسپتال پہنچایا اور بچاؤ اور راحت کے کاموں میں مصروف رہی۔
بارات کمرولی تھانہ علاقہ کے تحت سندھوروا سے امیٹھی ضلع کے موہن گنج تھانہ علاقہ کے تحت پاکرگاؤں کے لیگڑا میں آئی تھی۔ پیر کی رات تقریباً 10 بجے جب باراتی ناچتے گاتے دوار پوجا کے لیے نیچے سے سڑک پر چڑھ رہی تھی، تب رائے بریلی -ایودھیا قومی شاہراہ پر، رائے بریلی سے تیز رفتاری سے آرہی ایک بے قابو بولیرو نے سڑک پر پہنچنے والے باراتیوں کو کچل دیا اور سڑک کے کنارے کھڑی ایک اور بولیرو کو ٹکر مار دی۔ جس کی وجہ سے بینڈ باجا، ڈانس اور گانا فوراً بند ہو گیا اور چاروں طرف چیخ و پکار مچ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ بولیرو اٹاوہ سے لڑکی کو وداع کر امیٹھی ضلع کے جامو تھانہ علاقے کے تحت بالبھدر پور جا رہی تھی۔ اس وقت یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس کو واقعے کی اطلاع دی گئی۔ مقامی لوگوں، باراتیوں اور موقع پر پہنچی پولیس نے فوری طور پر تمام زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال پہنچایا۔ جہاں دو باراتیوں کو ڈاکٹر نے مردہ قرار دے دیا۔ جبکہ کچھ لوگوں کو رائے بریلی میں واقع ایمس ریفر کیا گیا ہے اور کچھ لوگوں کا علاج تلوئی کے راستامؤ میں واقع 200 بستروں والے ریفرل اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔