تاثیر 20 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کھیل، تعلیم اور صحت میں انقلابی تعاون، امبانی جوڑے نے پھر ملک کا سر فخر سے بلند کیا
نئی دہلی، 20 مئی 2025 ۔معروف امریکی میگزین ٹائم نے اپنی پہلی’ ٹائم 100 فلین تھراپی2025‘ کی فہرست جاری کی ہے، جس میں 100 عالمی شخصیات کی درجہ بندی کی گئی ہے جو فلاحی اور سماجی خدمات کے مستقبل کو تشکیل دے رہے ہیں۔ اس باوقار فہرست میں مکیش اور نیتا امبانی کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں جو کہ ہندوستان کے لیے فخر کی بات ہے۔
ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی اور ریلائنس فاؤنڈیشن کی بانی اور چیئرپرسن نیتا امبانی نے نہ صرف ملک کے سب سے بڑے عطیہ دہندگان میں اپنا نام درج کرایا ہے بلکہ سال 2024 میں 407 کروڑ روپے (تقریباً 48 ملین ڈالر) کا عطیہ دے کر عالمی سطح پر اپنی انسان دوست سوچ کا نشان بھی بنایا ہے۔
امبانی جوڑے کے فلاحی اقدامات تعلیم، صحت، خواتین کو بااختیار بنانے، دیہی ترقی، کھیل اور آفات سے نجات جیسے شعبوں میں ملک بھر میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ ان اقدامات میں طلباء کے لیے وظائف، خواتین کے لیے کیریئر کی تربیت، پائیدار زراعت کے لیے دیہی برادریوں کی مدد، پانی کا تحفظ، اسپتالوں کی تعمیر، بصارت کے مسائل میں مدد اور اسکول کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی شامل ہیں۔
نیتا امبانی، جو خود ایک کامیاب بزنس وومن ہیں اور اپنے بیٹے آکاش امبانی کے ساتھ ممبئی انڈینز کرکٹ ٹیم کی شریک مالک ہیں، کھیلوں کی دنیا میں ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کی قیادت میں ریلائنس فاؤنڈیشن خواتین کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات اور اسپورٹس سائنس پر مبنی تربیت فراہم کرتی ہے۔ نیتا امبانی کہتی ہیں، ’’خواتین کے لیے پیشہ ورانہ کھیلوں میں کیریئر بنانا مشکل ہوتا ہے، جو ان کی کامیابیوں کو اور بھی خاص بناتا ہے۔‘‘
’ ٹائم 100 فلین تھراپی2025‘ میں ان کی موجودگی اس بات کی گواہی ہے کہ ہندوستانی انسان دوستی اب نہ صرف ملک کے اندر بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک بااثر کردار ادا کر رہی ہے۔ مکیش اور نیتا امبانی کا یہ تعاون نہ صرف متاثر کن ہے بلکہ آنے والے وقتوں میں سماجی تبدیلی کی سمت ایک سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔