سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس سنجیو کھنہ کا اعلان، ریٹائرمنٹ کے بعد کوئی عہدہ قبول نہیں کریں گے

تاثیر 13 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 13 مئی: چیف جسٹس سنجیو کھنہ کی مدت کار کا آج آخری دن تھا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد کوئی عہدہ قبول نہیں کروں گا۔
آج جب انہیں چیف جسٹس کورٹ نمبر 1 میں الوداعیہ دیا جا رہا تھا تو انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کے جانشین جسٹس بی آر گوئی سپریم کورٹ کے اقدار، بنیادی حقوق اور آئین کے اصولوں کو برقرار رکھیں گے۔ جسٹس گوئی کو اپنا سب سے بڑا ساتھی بتاتے ہوئے چیف جسٹس کھنہ نے کہا کہ ہم دونوں کو ایک ہی سال میں اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا گیا تھا۔ مجھے پورا اعتماد ہے کہ وہ اس ادارے کو مضبوط کریں گے اور بنیادی حقوق کے ساتھ ساتھ ہمارے آئینی اصولوں کو بھی برقرار رکھیں گے۔
اس دوران جسٹس بی آر گوئی نے کہا کہ جسٹس کھنہ نے نہ صرف اپنے چچا جسٹس ایچ آر کھنہ کی وراثت کو آگے بڑھایا بلکہ اسے اپنی پہچان بھی دی۔ اس موقع پر جسٹس سنجے کمار نے بھی جسٹس کھنہ کی تعریف کی اور کہا کہ جب وکلاء مباحثہ کرتے تھے تب بھی وہ ہمیشہ پرسکون اور مطمئن رہتے تھے۔
اس موقع پر اٹارنی جنرل آر وینکٹرمنی اور سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے جسٹس کھنہ کے فیصلوں کی تعریف کی۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ جسٹس کھنہ کے فیصلے درستگی، وضاحت اور آئینی اقدار کی عکاسی کرتے ہیں۔