وزیراعلیٰ نے شہید محمد امتیازکو انکے آبائی گاؤں میں خراج عقیدت پیش کیا

تاثیر 13 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 13 مئی: وزیر اعلیٰ نتیش نے کمار سارن ضلع کے گرکھا بلاک کے نارائن پور گاؤں پہنچ کر بی ایس ایف کے سب انسپکٹر شہید محمد امتیاز کی تصویر پر گلپوشی کر کے خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے شہید محمد امتیاز کے صاحبزادوں محمد عمران رضا، محمد امداد رضا اور دیگر اہل خانہ سے بات کر کے انہیں صبر کی تلقین کی۔ وزیر اعلیٰ نے ریاستی حکومت کی جانب سے شہید محمد امتیاز کے اہل خانہ کو 50 لاکھ روپے کی اعزازکی رقم کا چیک سونپا۔ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے شہید محمد امتیاز کے بیٹے کو ان کی اہلیت کے مطابق سرکاری ملازمت دی جائے گی۔ چنتامن گنج پل سے رحم پور بازار تک دو کلومیٹرتک دیہی سڑ ک کانام شہیدمحمد امتیاز کے نام پر رکھا جائے گا۔ جلال بسنت پنچایت میں گاؤں میں داخل ہو نے کی جگہ پر شہید گیٹ تعمیر کرایا جائے گا۔ نارائن پور گاؤں میں ایک نیا ہیلتھ سب سنٹر تعمیر کرایا جائے گا۔ شہید محمد امتیاز کے نام پر یادگار بھی تعمیر کی جائے گی۔
اس موقع پرنائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، آبی وسائل اور پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، اقلیتی فلاح کے وزیر زماں خان، سائنس، ٹیکنالوجی اور تکنیکی تعلیم کے وزیر سمیت کمار سنگھ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری امرت لال مینا، ڈیولپمنٹ کمشنر پرتئے امرت،ڈی جی پی ونئے کمار، داخلہ محکمہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اروند کمار چودھری، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری انوپم کمار، سارن ڈویژن کے کمشنر گوپال مینا، سارن ریجن کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نیلیش کمار، سارن ضلع کے ڈی ایم امن سمیر، ایس پی ڈاکٹر کمار آشیش اور دیگر سینئر افسران، شہید محمد امتیازکے بھائی محمدمصطفیٰ، محمد اسلم اور محمد عمران رضا،محمد امداد رضا سمیت ان کے اہل خانہ اور گائوں کے لوگ موجود تھے۔