تاثیر 12 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
انقرہ، 12 مئی: ترکی کی جیل میں قید کرد رہنما عبداللہ اوکلان کے مسلح گروپ کردستان ورکرز پارٹی نے تقریباً چار دہائیوں سے جاری تنازعہ کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کردستان ورکرز پارٹی کے اس اقدام کی اطلاع فرات نیوز ایجنسی نے پیر کو دی، جو کہ مسلح گروپ کے قریبی میڈیا آؤٹ لیٹ ہے۔
الجزیرہ نیوز چینل نے رپورٹ کیا کہ فروری میں، قید رہنما عبداللہ اوکلان نے ملک میں جاری تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ کردستان ورکرز پارٹی نے اس کال پر طویل غور و خوض کیا۔ گروپ نے یہ تاریخی فیصلے گزشتہ جمعے کو شمالی عراق میں ختم ہونے والی پارٹی کانگریس کے بعد کیے ہیں۔ کردستان ورکرز پارٹی نے کہا کہ یہ جلد ہی عوام کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔ اوکلان کا بیان فرات نیوز ایجنسی کی ایک کانگریس کے دوران پڑھا گیا۔
تشدد کا راستہ ترک کرنے کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ مسلح جدوجہد نے کردوں کے حقوق کو دبانے کی پالیسیوں کو کامیابی سے چیلنج کیا ہے۔ کردستان ورکرز پارٹی نے اپنا تاریخی مشن مکمل کر لیا ہے۔ پارٹی کی 12ویں کانگریس نے تنظیمی ڈھانچے کو تحلیل کرنے اور مسلح جدوجہد کی پالیسی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔