تاثیر 8 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پیرس،8مئی: فیبین روئز اور اشرف حکیمی کے گول کی بدولت پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے بدھ کی رات کو اپنے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں آرسنل کو 2-1 سے شکست دے کر 3-1 کے مجموعی فرق سے چیمپئنز لیگ 2024-25 کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ کلب کی تاریخ میں یہ دوسری مرتبہ ہے کہ وہ فائنل میں پہنچے ہیں۔
روئز اور حکیمی کے گول نے فتح کو یقینی بنایا
پہلے لیگ میں 1-0 کی برتری حاصل کر چکی پی ایس جی نے اپنے ہوم گراؤنڈ’پارک ڈیس پرنسز ‘ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 27ویں منٹ میں فیبین روئز نے باکس کے باہر سے طاقتور شاٹ لگا کر پہلا گول کیا۔ اس کے بعد دوسرے ہاف میں اشرف حکیمی نے 72ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے میچ کو تقریباً ختم کر دیا۔
ساکا نے امید یں جگائیں ، لیکن موقع گنوا دیا
بکائیو ساکا نے 76 ویں منٹ میں گول کر کے آرسنل کے لیے واپسی کی امیدیں بڑھا دیں لیکن پھر وہ ایک کھلا گول مس کر بیٹھے۔ اس سے قبل گول کیپر ڈوناروما نے آرسنل کو ابتدائی برتری حاصل کرنے سے روکنے کے لیے کئی شاندار سیو کیے تھے۔