تاثیر 22 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کلکتہ، 22/ مئی (تاثیر بیورو) انڈین چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام چوتھی ایسٹ و نارتھ ایسٹ انڈیا انرجی کانکلیو کلکتہ میں منعقد ہوئی، جس میں مغربی بنگال کی جانب سے قابل تجدید توانائی کے فروغ میں قائدانہ کردار پر روشنی ڈالی گئی۔
اس تقریب کی مہمانِ خصوصی، ریاستی وزیر ڈاکٹر ششی پانجا نے کہا کہ مغربی بنگال صنعت اور صاف توانائی کے امتزاج سے ملک کی توانائی منتقلی میں پیش پیش ہے۔ انہوں نے 1,600 میگاواٹ کے سپر کریٹیکل تھرمل پاور پلانٹ، 125 میگاواٹ کے سولر پروجیکٹ، اور 3,567 میگاواٹ کے فلوٹنگ سولر منصوبوں جیسے بڑے اقدامات کا اعلان کیا۔ ریاست میں 68,000 سے زائد الیکٹرک گاڑیاں فروخت ہو چکی ہیں اور 318 چارجنگ اسٹیشنز قائم ہیں۔
برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر اینڈریو فلیمنگ نے خطے کو صاف توانائی کا مرکز بنانے میں یو کے-بھارت تعاون کو سراہا۔ جبکہ ICC کے ڈائریکٹر جنرل راجیف سنگھ نے کہا کہ مغربی بنگال پائیدار ترقی میں رہنمائی کر رہا ہے۔
ٹی اے آر آئی کے اے کے سکسینہ نے مشرقی و شمال مشرقی بھارت میں 218 گیگاواٹ توانائی کی صلاحیت کی نشاندہی کی اور نئی ٹیکنالوجی، مائیکرو گرڈز، اور اسمارٹ میٹرنگ کی ضرورت پر زور دیا۔
کانکلیو میں قابل تجدید توانائی، ای وی، گرین ہائیڈروجن اور علاقائی تعاون کے ذریعے مستقبل کی توانائی کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔