بہار میں وندے بھارت ایکسپریس ٹرین پر پتھراؤ

تاثیر 26 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

گیا ، 26 مئی: بہار کے گیاجی میں وندے بھارت ایکسپریس پر پتھراؤ کے معاملے میں بڑی کارروائی کی گئی ہے۔ آر پی ایف کی کارروائی میں پتھراؤ میں ملوث تین نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتاری کے بعد مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔
وندے بھارت ایکسپریس ٹرین پر کل اس وقت پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا جب وہ گیاجی کے کاشٹھا اور مغربی کیون سے گزر رہی تھی۔ اس واقعہ میں وندے بھارت ایکسپریس کے انجن کے شیشے کو نقصان پہنچا۔ اس واقعے کے بعد ریلوے انتظامیہ حرکت میں آگئی اور واقعے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر تین افراد کی شناخت کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتاری کے بعد تینوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
گذشتہ 21 مئی کو ٹرین نمبرڈی این 20888 وارانسی-رانچی وندے بھارت ایکسپریس پر پتھراؤ کیا گیا تھا۔ پتھراؤ کے واقعہ سے وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ساتھ ہی اس واقعہ کو لے کر أر پی ایف رفیع گنج میں ایف أئی أر درج کرائی گئی۔