سنڈے آن سائیکل مہم ، 18 مئی کو ملک بھر میں ہوگا انعقاد

تاثیر 17 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 17 مئی: ملک کا سب سے بڑا سائیکلنگ ایونٹ ‘ سنڈے آن سائیکل’ 18 مئی کو فٹ انڈیا موومنٹ اور سی بی آئی سی – گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) محکمہ کی مشترکہ کوشش کے طور پر منعقد کیا جائے گا۔ یہ تقریب جی ایس ٹی کے 8 سال کے کامیاب نفاذ کے لیے وقف ہے اور یہ ملک کو فٹ اور صحت مند بنانے کے مشن کا حصہ ہے۔
یہ پروگرام ملک بھر میں 200 سی بی آئی سی-جی ایس ٹی مراکز سمیت متعدد مقامات پر منعقد کیا جائے گا، جہاں سائیکل چلانے کے لاکھوں شوقین فٹنس اور صحت کے لیے ایک ساتھ سائیکل چلائیں گے۔ اس مہم کو سوشل میڈیا پر کھیل، موسیقی اور فلمی دنیا کے کئی بڑے ناموں نے سپورٹ کیا ہے، جن میں ثانیہ مرزا، ملند سومن، سنیل شیٹی، عمران ہاشمی، امتیاز علی، جان ابراہم اور شنکر مہادیون شامل ہیں۔ ان مشہور شخصیات نے سائیکلنگ اور فٹنس کو زندگی کا لازمی حصہ قرار دیا ہے۔
متعدد معروف شخصیات دہلی میں ہونے والے اس پروگرام میں خصوصی طور پر شرکت کریں گی۔ بین الاقوامی ماسٹر اور خاتون گرینڈ ماسٹر تانیہ سچدیو، جنہوں نے حال ہی میں بوڈاپیسٹ میں 2024 شطرنج اولمپیاڈ میں ہندوستان کے لیے طلائی تمغہ جیتا تھا۔ ان کے ساتھ ‘پش اپ مین آف انڈیا’ کے نام سے مشہور روہتاش چودھری بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر فٹنس ایکٹیویٹی سیشن کا بھی اہتمام کیا جائیگا۔