تاثیر 28 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
– مدھوبنی کے بلیا تیسی پرسونی باشندہ منصور عالم ، ناصر گنج نستہ پرائمری اسکول میں بطور ٹیچر تعینات تھے
سنگھوارہ دربھنگہ(محمد مصطفٰی): دربھنگہ ضلع کے سنگھواڑہ تھانہ حلقہ میں بدھ کی صبح ایک ٹیچر کی گولی مار کر قتل کئے جانے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ یہ واقعہ بھرواڑہ -کمتول سڑک پر ناصر گنج نستہ کے قریب پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مدھوبنی ضلع کے بینی پٹی سب ڈیویژن کے پتونا تھانہ حلقہ کےبلیا تیسی پرسونی کے رہنے والے منصور عالم جو اپنی سائیکل پر سوار ہو کر پرائمری اسکول ناصر گنج نستہ جا رہے تھے۔ اس دوران موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اردو کے استاذ منصور عالم اپنی سائیکل سمیت سڑک کے نیچے جھاڑیوں میں گر گئے جب ایک گولی ان کے سر اور دوسری ان کے کندھے پر لگی۔ واردات کے بعد موٹر سائیکل پر سوار بدمعاش فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ مشتعل مقامی لوگوں نے بانس بلا لگا کر مین سڑک کو گھنٹوں جام کر دیا جس سے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطار لگ گئی ۔ صدر سب ڈیویژن 2 کمتول ایس ڈی پی او جیوتی کماری نے کہا کہ پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ موقع سے کارتوس کے دو خول برآمد ہوئے ہیں۔ بہت جلد معاملہ بے نقاب ہو جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ منصور عالم 2006 سے پرائمری اسکول میں اردو ٹیچر کے طور پر تعینات تھے، اور اہل خانہ کے ساتھ شکر پور میں کرائے کے مکان میں رہتے تھے۔ اہل علاقہ کے مطابق اس کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔ ایسے میں گولی مار کر قتل کے پیچھے کیا وجہ ہوسکتی ہے، یہ پولس کی تفتیش کے بعد ہی پتہ چل سکے گا ۔ اطلاع ملتے ہی لواحقین موقع پر پہنچ گئے اور روتے رہے۔ واقعہ کی وجہ واضح نہیں ہے۔ دوسری جانب اسکول کے ہیڈ ٹیچر سید جاوید حسن اور اساتذہ روی کمار، رام پرویش، بھارتی کماری، پوجا کماری، کوشل کمار سے بھی واقعے کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ بلاک ایجوکیشن آفیسر ونود کمار نے موقع پر پہنچ کر ٹیچر کی موت کی تصدیق کی تھانہ انچارج رنجیت چودھری نے بتایا کہ ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور مجرموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔