تاثیر 15 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 15 مئی: انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل 2025) کے آخری مرحلے سے قبل ایک بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ بی سی سی آئی نے اعلان کیا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کی صورت میں ٹیمیں اب عارضی متبادل کھلاڑیوں کو شامل کرسکتی ہیں۔ یہ فیصلہ ان کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے پیش نظر کیا گیا ہے جو قومی وابستگیوں، ذاتی وجوہات یا صحت سے متعلق مسائل کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں شرکت سے قاصر ہیں۔
آئی پی ایل فرنچائزز کو بھیجے گئے سرکاری نوٹ میں کہا گیا ہے، ’’اب سے جن کھلاڑیوں کو حاصل کیا جا رہا ہے وہ اگلے سال برقرار نہیں رہ سکیں گے۔ انہیں آئی پی ایل 2026 کی نیلامی کے لیے دوبارہ رجسٹر ہونا پڑے گا۔‘‘ سیزن کے آغاز میں جاری کردہ رول بک کے مطابق کوئی بھی ٹیم اپنے 12ویں لیگ میچ کے بعد عارضی کھلاڑیوں کو شامل نہیں کر سکتی تھی۔ لیکن ہندوستان اور پاکستان کشیدگی کی وجہ سے ٹورنامنٹ کو 8 مئی سے معطل کرنا پڑا، جس سے یہ ایک غیر معمولی صورتحال بن گئی۔ اس بے مثال صورتحال کو دیکھتے ہوئے آئی پی ایل حکام نے قوانین میں ترمیم کی ہے۔