ریئل میڈرڈ کی آخری لمحات میں جیت، بارسلونا کی جشن کی امیدوں پر پانی پھرا

تاثیر 15 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

میڈرڈ، 15 مئی:ینٹیاگو برنابیو اسٹیڈیم میں بدھ کی دیر رات کھیلے گئے مقابلے میں ریئل میڈرڈ نے آخری لمحات میں گول داغ کر آر سی ڈی میلورکا کو 1-2 سے شکست دی اور بارسلونا کے لا لیگا خطاب جیتنے کی امیدوں کو فی الحال کے لیے ٹال دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی میڈرڈ نے پوائنٹس ٹیبل میں بارسلونا کے ساتھ فاصلہ کم کر کے 4 کر دیا ہے۔ اب اگر بارسلونا جمعرات کو اپنے پڑوسی کلب ایسپینیول کو ہرا دیتا ہے تو وہ خطاب جیت سکتا ہے۔ اس سے قبل اتوار کو ’ایل کلاسیکو‘ میں بارسلونا سے ہارنے کے بعد ریئل میڈرڈ کے پاس یہ میچ جیتنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا۔
میلورکا نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور مارٹن ویلجینٹ نے 11ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ میڈرڈ کی جانب سے کئی کوششیں کی گئیں لیکن میلورکا کے گول کیپر لیو رومن نے شاندار بچاو کرتے ہوئے پہلے ہاف میں جوڈ بیلنگھم، کلین ایمباپے اور فیڈے والورڈے کو گول کرنے سے روکے رکھا۔