تاثیر 3 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 3 مئی:مہاراشٹر کے تھانے ضلع کے بھیونڈی علاقے سے ہفتہ کی صبح ایک افسوسناک اور حیران کن واقعہ منظر عام پر آیا، جہاں ایک 30 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر اپنی تین کم عمر بیٹیوں کے ساتھ خودکشی کر لی۔ یہ واقعہ اس وقت معلوم ہوا جب خاتون کا شوہر رات کی ڈیوٹی کے بعد صبح گھر واپس آیا اور اس نے سب کو پنکھے سے لٹکا ہوا پایا۔
خاتون کی تینوں بیٹیاں محض 13، 11 اور 8 برس کی تھیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے لیا اور ضروری کارروائی کے ساتھ تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
اس افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں سراسیمگی پھیل گئی۔ بھیونڈی شہر پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر کرشن دیو کھراڈے نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ہی خاندان کی ماں اور تین بچیاں مردہ حالت میں ملی ہیں اور پولیس اس واقعے کے پس منظر کو جاننے کے لیے ہر ممکن زاویے سے چھان بین کر رہی ہے۔